اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ صباح نیوز) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 26 جون کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا ترجمان جے یو آئی کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو صبح 11بجے اسلام آباد میں ہوگی فیصلہ تمام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ اے پی سی مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت ہوگی اے پی سی میں شہباز شریف ، بلاول بھٹو زرداری اے این پی جماعت اسلامی سمیت اپوزیشن جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ قبل ازیں سرا ج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے دبائو پر حکومت بجٹ میں کی گئی مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف کوئی بات سننے کو تیار نہیں ۔ بجٹ نے عام آدمی کے لیے زندہ رہنا مشکل بنا دیا ہے ۔ آٹے کا 20کلو کا تھیلا 100 روپے مہنگا ہوگیا ۔ حکومت نے آٹے ،چینی ،گھی اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے اور کہتی ہے کہ ہم نے غریب نواز بجٹ بنایا ہے۔ حکومت اضافہ واپس لے ۔ دریں اثناء سراج الحق سے مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ زرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے درمیان ملک کی موجودہ سیاسی و اقتصادی صورتحال اور دینی ایشوزاور اے پی سی کی تاریخ و ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہوا اور خطے کی مجموعی صورتحال کاجائزہ لیا گیا ۔
اپوزیشن کی اے پی سی 26 جون کو طلب، فضل الرحمن کی سراج الحق سے مشاورت
Jun 23, 2019