لاہور(نمائندہ سپورٹس) سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں بابر اعظم وہ واحد کھلاڑی ہیں جو تسلسل کے ساتھ کارکردگی دکھا رہے تاہم انہیں ویرات کوہلی، کین ولیم سن اور سٹیو سمتھ کی طرح میچ جیتوانا بھی سیکھنا ہو گا۔ قومی ٹیم میں جتنے بھی کھلاڑی کھیل رہے ہیں وہی اس وقت پاکستان کا بہترین ٹیلنٹ ہے۔ موجودہ ٹیم میں وہی مسائل ہیں جو ہمارے وقت کی ٹیم میں موجود تھے، آج کی کرکٹ بہت بدل چکی ہے۔ پاکستان ابھی بھی پرانے طرز کی کرکٹ کھیل رہا ہے، فیلڈنگ کا معیار بہت ناقص ہے، آج بھی ہم فیلڈنگ اور کھلاڑیوں کی فٹنس کے مسائل کا شکار ہیں۔ بھارت کو دیکھیں کہ انہوں نے راہول ڈریوڈ جیسا بڑا سٹار انڈر 19 کی ٹیم کی کوچنگ کے لئے لگایا ہوا ہے ہمیں بھی چاہئے کہ محمد یوسف اور یونس خان جیسے سابق کھلاڑیوں کو کوچنگ میں لائیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی نئے لوگ آنے چاہئے۔ پاکستان کو پہلے ان چار میچز کو جیتنے کے حوالے سے سوچ مثبت رکھنی ہو گی، ٹیم کو کھل کر کھیلنا ہو گا اور میچز جیتنے ہوں گے۔ سیمی فائنلز میں نیوزی لینڈ، بھارت ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہنچیں گی جبکہ فائنل بھارت اور انگلینڈ کے مابین ہوتا دیکھ رہا ہوں۔