اسلام آباد(نیوزڈیسک) ممبرقومی اسمبلی نزہت پٹھان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے فنکاروں پر فخر ہے ۔ پاکستان ادبی و ثقافتی اعتبار سے دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتا ہے ۔ استاد شوکت منظورجیسے اہم اور باصلاحیت فنکار رفتہ رفتہ ہم سے رخصت ہورہے ہیں۔ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ حکومت چاہتی ہے کہ فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور تربیت کے لیے اہم اقدامات کیے جائیں جس سے نہ صرف فنکاروں کو معاشی استحکام میسر آئے بلکہ ہماری ثقافتی سرگرمیاں بھی جاری رہیں۔ انہوں نے فنکاروں کو ایک کمیٹی بنا کر تحریری شکل میں اپنے وسائل اور ان کے حل پیش کرنے کیلیے کہا اور ساتھ ہی یہ یقین دہانی کرائی کہ وہ فنکاروں کے مسائل کے حل کے لیے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، سے بھر پور سفارش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانھوں نے معروف موسیقار اور گلوکار استاد شوکت منظور کی یاد میں منعقد ہ خصوصی تقریب میں کیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان ٹیلی وڑن کی معروف شخصیت سرمد صہبائی نے کی۔ڈاکٹر نثار ترابی، شریف اعوان ، استاد محمد اجمل خان سمیت راولپنڈی /اسلام آباد کی ادبی و ثقافتی تنظیموں کے نمائندوں اور معروف فنکاروں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کی نظامت موسیقار ویلفیئر ٹرسٹ کے ایم ۔ مسعود اقبال ہاشمی نے کی۔