کراچی(نیوزرپورٹر) جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے ایم کیو ایم لندن کے ڈپلومیٹک ونگ کے سابق سربراہ اور رابطہ کمیٹی کے رکن اور الطاف حسین کے دست راست محمد انور کے ایم کیوایم کے بارے میں انکشافات پرتبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم جمعیت علما پاکستان کے قائد علامہ شاہ احمد نورانی کو سلام پیش کرے کہ انہوں نے یہ ساری باتیں اس وقت سرعام کی تھیں جب اس قسم کی باتیں کرنے والے کی دوسرے دن بوری بند لاش ملتی تھی لیکن امام نورانی اور ان کے پیرکاروں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر قوم اور ملک کے اہم اداروں کو ایم کیو ایم کیحقیقت سے آگاہ کیا۔ کاش اس وقت کے ہمارے حکمراں اور ہماری ایجنسیاں ایم کیو ایم کے پارلیمنٹ میں چند ووٹوں کی حمایت کے مفادات کو بالاطارق رکھ کر ان کے خلاف آپریشن کر کے الطاف حسین اور ان کے ساتھیوں کو کیفر کردار تک پہنچادیتے تو ملک بالخصوص سندھ کے باشندوں کو جو بے پناہ مالی،دینی،اخلاقی اور جانی نقصانات ہوئے ہیں ان سے بچ جاتے اب بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ محمد انورسابق گورنر عشرت العبادسمیت جن جن عہدیداروں پر الزام لگائے رہے ہیں کہ وہ الطاف حسین کے ان جرائم میں ان کے ساتھ شامل رہے ہیں ان کے خلاف تحقیقات کر کے کاروائی عمل میں لائی جائے حکومتی حمایت کی لانڈری میں آکر صاف اور شفاف ہونے کی روایت اب ختم کی جائے ملک و ملت اور دین کے ساتھ غداری کرنے والوں کوقرار واقعی سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی سازشیں کرنے کی جرآت نہ ہوسکے۔