حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فرنس آئل کی دستیابی یقینی بنائے:چیئرمین اپٹما پنجاب

لاہور (کامرس رپورٹر )چیئرمین اپٹما پنجاب عادل بشیرنے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فرنس آئل کی دستیابی یقینی بنائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فرنس آئل کی سپلائی گزشتہ کئی ہفتوں سے معطل ہے جبکہ کیپٹو پاور پلانٹس اور پراسسنگ انڈسٹری کے لئے فرنس آئل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوانس قیمت وصول کرنے کے باوجود آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپلائی معطل کر رکھی ہے اورفرنس آئل کی عدم سپلائی نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی پیداواری لاگت بڑھادی ہے۔چیئرمین اپٹما پنجاب کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی دباؤ کا شکار ہے اور ٹیکسٹائل ایکسپورٹس اپریل میں 64فیصد اور مئی میں 36فیصد گریں۔انہوں نے کہا کہ فرنس آئل کی عدم سپلائی صورت حال گھمبیر بنارہی ہے اورفرنس آئل سپلائی کا بحرا ن برآمدات کو مزید متاثر کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن