سرگودھا (نامہ نگار) قبروں سے نعش نکال کر کھانے والے آدم خور دونوں بھائیوں کو 12 سال بعد بھکر جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جن کو علاقہ میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے بھائی اور بھتیجے کے سپرد کر دیا گیا جو انہیں لاہور رشتہ داروں کے پاس منتقل کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا ریجن کے علاقہ بھکر میں دو آدم خور بھائیوں عارف اور فرمان کو 12 سال جیل میں گزارنے کے بعد ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے رہا کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عارف عرف اپھل اور فرمان عرف پھاما نے 9 سال قبل2011ء میں قبر سے مردہ لڑکی کی نعش نکال کر اس کا سالن پکاتے ہوئے پکڑے گئے تو دو سال جیل گزارنے کے بعد رہائی پا کر واپس آئے اور دو سال بعد 2013ء کے دوران دوبارہ قبر سے نعش نکال کر دھڑ کھا گئے اور سر برآمدگی کے دوران پکڑے گئے۔ جس پر ملزمان دونوں بھائیوں کے خلاف درج مقدمہ میں سرگودھا کی خصوصی عدالت نے دونوں بھائیوں کو دس سال قید کی سزا کا حکم سنایا جن کی سزا پوری ہونے پر رہائی کے ساتھ ہی دوبارہ گرفتار کر کے تین ماہ کے لئے نظر بند کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے دونوں ملزمان کو سزا اور نظر بندی پوری کرنے پر رہائی کے بعد ان کے بھتیجے کامران اور بھائی انتظار کے حوالے کر دیا گیا۔