مافیاز ملک کے لئے دیمک سے زیادہ خطرناک ہیں: سراج الحق

Jun 23, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مافیاز ملک کے لیے دیمک سے زیادہ خطرناک ہیں۔ ادویات، آٹا چینی اور پٹرول مافیا حکومت سے زیادہ طاقتور ہے۔ وزیراعظم کنفیوژ ہیں اور ان کے ہر بیان سے یہی لگتا ہے کہ انہیں حالات کا صحیح ادراک نہیں، ان کی گفتگوئوں سے یوں لگتا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک میں رہتے ہیں۔ احتساب کرنے کے دعویدار مافیاز کے سر پرست بن بیھٹے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومتی گاڑی ریورس گیئر میں ہے، معاشی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔م ہنگائی اور بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کرونا وبا سے پہلے ہی ملکی معیشت کا بیڑا غرق ہو چکا تھا، حکمران کرونا وبا کے پیچھے چھپ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت 45سو ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔ حکومت کا پیش کردہ بجٹ محض خواب و خیال کی باتیں ہیں۔ بجٹ میں عام آدمی کے لیے کچھ نہیں۔ سٹیل ملز کے ملازین فارغ ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سٹیل ملز بند کرنے کی بجائے چلائے۔ وزیراعظم کے سٹیل ملز چلا کر دکھانے کے بیانات کہاں گئے۔ حکومت کہتی تھی کہ غیر ترقیاتی اخراجات اور وی آئی پی ختم کریں گے۔ حکومت کو کرونا کی وجہ سے عالمی برادری سے بہت امداد ملی لیکن وہ کہاں خرچ ہوئی کسی کو پتہ نہیں۔ لاک ڈائون کی وجہ سے مدارس کے اساتذہ کو چار ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔

مزیدخبریں