لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) سابق قومی کپتان رمیز راجہ نے قومی کرکٹ کی بہتری کیلئے چار نکاتی منصوبہ پیش کردیا۔ 57 سالہ رمیز راجہ نے یو ٹیوب چینل پر کہا کہ کھیل میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لئے صرف چار چیزوں اچھی وکٹوں، ڈومیسٹک کرکٹ ، انتظامیہ اور ٹیلنٹ ہنٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کلب اور ڈومیسٹک سطح پر وکٹوں کی حالت بہت خراب ہے جس کے باعث شائقین اعلیٰ معیار کے مقابلوں سے لطف اندوز ہونے سے قاصر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ میں پہلے موسم کی مناسبت سے وکٹیں تیار ہوتی تھیں لیکن اب وہاں ڈراپ ان پچز متعارف کروانے کے بعد میچوں میں بہتری آئی ہے۔ایسی وکٹوں کے ذریعے بہت کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن پی سی بی کی قلیل یا طویل مدتی منصوبہ بندی میں ڈراپ ان پچوں کا کوئی ذکر نہیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ ڈھانچے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب بھی یہ کنفیوڑن موجود ہے کہ پاکستان علاقائی کرکٹ کا انتخاب کرے گا یا ایک مرتبہ پھر محکمہ جاتی کرکٹ کی حوصلہ افزائی ہوگی۔کرکٹ میں انتظامیہ کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پی سی بی کو تمام شعبوں میں اچھے ایڈمنسٹریٹرز لانا ہوں گے۔
سابق کپتان رمیز راجہ نے کرکٹ کی بہتری کیلئے منصوبہ پیش کردیا
Jun 23, 2020