لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹرز کو دی جانے والی رقم دگنی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو علیحدہ کنٹریکٹ دیے جائیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے بورڈ کے 5 سالہ منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے اور یہ کھیل اور ہمارے لیے مالی طور پر بڑا نقصان ہو گا۔ان کا کہنا تھا کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹس کے بعد اراکین کو اچھی رقم ملتی ہے لیکن ورلڈ ٹی20 غیریقینی ہونے کی وجہ سے ہم ہنگامی منصوبے پر کام کر رہے ہیں، ہم بدترین صورتحال کے بارے میں سوچ کر پہلے سے منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اپنے اخراجات اور بجٹ کو کم کر رہے ہیں، ہم ڈومیسٹک اور ویمن کرکٹ پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگلے ڈومیسٹک سیزن میں ہم کھلاڑیوں کے لیے رقوم دگنی کردیں گے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک نئی کیٹیگری بھی متعارف کرائیں گے۔