اسلام آباد /لاہور(صباح نیوز)اسلام آباد میں ٹریفک حادثہ اور جعلی کرنسی میں ملوث بھارتی ہائی کمیشن کے 2اہلکاروں کو پیرکی صبح واہگہ بارڈرکے راستے واپس بھارت بھیج دیا گیا،جبکہ ان کے ہمراہ بھارتی ہائی کمیشن کے سیکنڈسیکرٹری اورایئر ایڈوائزربھی بھارت چلے گئے ہیں جنہیں موجودہ پاک بھارت تنائو سے متعلق مشاورت کے لئے نئی دہلی میں طلب کیاگیا ہے۔بھارتی ہائی کمیشن کے دواہلکاروں سلوادیس پال اوردواموبراہموس کواسلام آباد پولیس نے گزشتہ ہفتے گرفتارکیا تھا تاہم چندگھنٹوں بعدانہیں رہائی مل گئی تھی۔ ان اہلکاروں کو دوران سفرایک شہری کو گاڑی کی ٹکرسے زخمی کرکے فرارہونے اورجعلی کرنسی کے الزام میں گرفتارکیاگیا تھا۔بھارتی ہائی کمیشن نے کے اہلکاروں کی تلاشی کے دوران 10 ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمدہوئی تھی جس پرانہیں ناپسندیدہ قراردیکرپاکستان چھوڑنے کا کہا گیاتھا۔بھارتی ہائی کمیشن کے دونوں اہلکار پیرکی صبح واہگہ بارڈرپہنچے ، ان کے ساتھ بھارتی ہائی کمیشن کے دوسینئرآفیشلز گروپ کیپٹن مانومیڈھا اور سیکنڈ سیکرٹری شیوکماربھی شامل تھے۔