منی لانڈرنگ کیس، زرداری ، دیگر ملزموں پر فرد جرم 7جولائی کو عائد ہوگی

Jun 23, 2020

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری، حسین لوائی، انور مجید اور دیگر ملزموں پر فرد جرم کی تاریخ مقررکردی۔ احتساب عدالت کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق آصف زرداری، حسین لوائی، انور مجید و دیگر پر 7 جولائی کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔ کرونا وائرس کے باعث جیل میں موجود ملزموں پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عدالت نے نیب کراچی کو حکم دیا ہے کہ وہ انور مجید کے لیے ہسپتال میں ویڈیو لنک کا انتظام مکمل کرے، رجسٹرار احتساب عدالت کراچی انور مجید کی ویڈیو لنک پر شناخت کی تصدیق کریں گے۔ 7 جولائی کو دیگر ملزموں حسین لوائی، طٰحہ رضا اور محمد عمیر پر اڈیالہ جیل میں ویڈیو لنک پر فردِ جْرم عائد کی جائے گی۔ جوملزم جیل میں نہیں ہیں وہ 7جولائی کو ذاتی حیثیت میں فردجرم کے لیے پیش ہوں۔ خیال رہے کہ پارک لین کیس میں آصف زرداری اور دیگر پر فرد جرم کے لیے عدالت نے 26 جون کی تاریخ مقرر کی ہے۔

مزیدخبریں