اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی خریداری اور گوشت کی تقسیم کے سلسلے میں انتہائی احتیاطی اقدامات پر عملدارآمد کی ضرورت ہے۔ صدر گزشتہ روز ایوان صدر میں عیدالاضحی کے موقع پر جانوروں کی خریدوفروخت اور دوسری تقریبات کا جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ ملک میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر عیدالاضحی کے موقع پر سخت احتیاطی اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر نے کہا کہ کورونا وائرس ایک سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جس کا مقابلہ کرنے کے لیے عوامی طبقات کا تعاون بہت ضروری ہے۔ عید کے موقع پر عوامی سطح پر غفلت کا مظاہرہ ہوا تو کویڈ 19 کی صورت حال بگڑ سکتی ہے۔ صدر نے کہا کہ عید کے موقع پر عوام کو شعور دینے کے لیے علمائے کرام ‘ میڈیا اور طبی ماہرین اور کارکنوں کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ‘ وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور دوسرے حکام نے شرکت کی۔