راولپنڈی (صباح نیوز) وزیرستان میں امن دشمنوں سے جھڑپ کے دوران مادر وطن پر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے کیپٹن صبیح ابرار مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیئے گئے۔ کیپٹن صبیح ابرار کو راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں آبائی گائوں پنیالی میں سپردخاک کیا گیا۔ شہید کی نمازجنازہ میں اعلی فوجی و سول افسران سمیت اہل علاقہ نے شرکت کی۔ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پاک فوج کی طرف سے کیپٹن صبیح ابرار کے والدین کو قومی پرچم اور شہید کی وردی پیش کی گئی۔ گذشتہ روز وزیرستان کے علاقہ گہرون کے قریب سرحدی علاقہ میں پٹرولنگ کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا جبکہ امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے کیپٹن صبیح ابرار اور سپاہی نوید احمد ستی وطن پر قربان ہو گئے۔ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے حملے میں ایک کیپٹن اور جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے ورثا سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ قوم دہشتگردی کے خلاف سینہ سپر اپنی فورسز کے ساتھ ہے، شہداء کا خون رنگ لائے گا۔ ملک سے دہشتگردی و انتہا پسندی کا مکمل خاتمہ نوشتہ دیوار ہے۔ وزیر لیبر پنجاب انصر مجید خان نے وزیرستان میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجہ میں شہید ہونے والے کیپٹن اور جوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پاک فوج کے کسی بھی جوان نے پیٹھ پیچھے نہیں بلکہ دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے سینے پر گولیاں کھائیں۔ صوبائی وزیر لیبر انصر مجید خان نے مزیدکہاکہ ملکی سالمیت کی خاطر پاک فوج اور متعلقہ اداروں کے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔