بصیرپور‘ اوکاڑہ (نامہ نگاران) محلہ غوث پورہ میں قرض اور غربت سے تنگ آئے ہوئے مزدور نے نوبیاہتا بیوی اور چھوٹے بھائی سمیت زہریلی گولیاںکھا کر خودکشی کر لی۔ تفصیلات کے مطابق وقاص نامی مزدورکی دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی جس کے لئے خاندان نے ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرض لیا تھا۔ وقاص کی والدہ صغراں قرض کی ادائیگی کیلئے اس سے اکثر تکرار کرتی رہتی تھی جس کا اسے رنج تھا۔ ہفتہ کی شب بھی ماں بیٹے کے مابین جھگڑا ہوا جس پر وقاص رات گئے کام سے واپسی پر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں لے آیا اور بیوی ناہید اختر و چھوٹے بھائی اشفاق سمیت کھا لیں۔ انکی حالت خراب ہونے کی اطلاع پر پولیس نے انہیں ہسپتال پہنچایا جہاں انکی جان بچانے کی کوششیں ناکام رہیں۔ محنت کش 20 سالہ وقاص احمد ولد نذر محمد کی 19سالہ ناہید اختر سے دو ماہ قبل شادی ہوئی تھی جن پر ڈیڑھ لاکھ روپے قرض تھا جس کی ادائیگی کے لئے پوری فیملی پریشان تھی۔ ناہید اختر اس کا خاوند وقاص احمد اور دیور 18سالہ اشفاق احمد جاں بحق ہوگئے جب کہ اس کا دوسرا دیور16سالہ ستار احمد اور 45 سالہ ساس صغراں بی بی متاثر ہوگئی۔ واقع کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ بصیر پور ارسلان اعظم جوئیہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جب کہ ریسکیو 1122کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122کی ٹیموں نے مرنے والوں اور متاثرہ ماں بیٹے کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال میں ڈاکٹرز زہر خورانی سے متاثرہ ماں بیٹے کی جان بچانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
بصیرپور: شادی کیلئے قرض لینے والے مزدور کی بیوی ، بھائی سمیت زہر کھا کر خودکشی
Jun 23, 2020