لاہور ( نیوز رپورٹر‘ صوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الہیٰ نے ملاقات کی۔ جس میں بجٹ سیشن، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ پرویز الہی نے ریلیف بجٹ پیش کرنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے بجٹ سیشن احسن طریقے سے چلانے پر چوہدری پرویز الہی کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ اور سپیکرنے عوام کی خدمت کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بہترین ورکنگ ریلیشن شپ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے گجرات میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔ پرویز الٰہی کی تجویز پر گجرات میں 500 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال بنے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ہسپتال کے لئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کریں گے۔ گجرات سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال قائم کررہے ہیں۔ اتحادی ساتھ رہیں گے اور اتحاد بھی مضبوط تر ہو گا۔ مسلم لیگ ق سے اتحاد پہلے سے مضبوط اور ورکنگ ریلیشن شپ بہتر ہوئی ہے۔ آس لگانے والوں کو یاس کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ پہلے بھی ایک تھے، اب بھی ایک ہیں اور آئندہ بھی ایک رہیں گے۔ غلط فہمیاں پیدا کرنے والوں کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ اتحادیوں کے ساتھ ملکر عوام کی فلاح و بہبودکا مشن جاری رکھیں گے۔ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست چمکائی جا رہی ہے۔ پرویز الہی نے کہا کہ وزیر اعلی کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ عوام کی خدمت کے سفر میں تحریک انصاف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اپوزیشن کے پاس فلاح عامہ کا ایجنڈا ہے نہ کرونا سے نمٹنے کا۔ سابق حکمرانوں نے میرے دور کے لینڈ مارک منصوبوں کو ختم کر کے عوام پر ظلم کیا۔ ہم صرف خدمت خلق پر یقین رکھتے ہیں۔ عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ اتحاد میں دراڑ ڈالنے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان پورے نہیں ہوں گے۔ عثمان بزدار محنت کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر میاں محمودالرشید اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عثمان بزدار سے وزراء اور ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے حکومتی اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے شہریو ں کو ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرنا ہوگا۔ حکومت ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائے گی۔ احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنے میں ہی تحفظ ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار کی ہدایت پر سرکاری دفاتر کی ناکارہ گاڑیوں، فرنیچر اور مشینری کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے۔ شفاف ترین نیلامی سے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز سرکاری خزانے میں جمع ہوئے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ملک کی پہلی خصوصی مہم جس کیلئے حکومت نے بغیر فنڈز جاری کیے 75 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جنریٹ کئے۔ عثمان بزدار سے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی چیئرپرسن روحی رئیس خان نے ملاقات کی۔ ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ عامر طفیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ روحی رئیس خان نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈکی جانب سے وزیر اعظم کوویڈ 19ریلیف فنڈ کیلئے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کا چیک وزیر اعلی عثمان بزدار کو پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے قائد اعظم محمد علی جناح کے نواسے محمد اسلم جناح اور علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اتحادی ساتھ رہیں گے: عثمان بزدار، وزیراعلیٰ عوام کی خدمت کررہے ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی
Jun 23, 2020