اسلام آباد(قاضی بلال )قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے قومی صحت میں اپوزیشن اراکین نے عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنز پر عمل نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا اور کہا کہ حکومت نے عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج پورا ملک کورنا وائرس کی زد میں ہے اور اموات بڑھ رہی ہیں ۔اس کے ساتھ ساتھ کمیٹی نے ملک بھر میں آکسیجن گیس کی قلت اور مارکیٹ سے غائب ہونے پر بھی احتجا ج کیا اور اسے حکومتی ناکامی قرار دیدیا ۔پارلیمنٹرین اس وقت اس مرض کی وجہ سے پارلیمنٹ لاجز میں متاثر ہو رہے ہیں ۔ قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ کا اجلاس گزشتہ روز قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میں ہوا ۔صدارت خالد حسین مگسی نے کی ۔مشیر قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بریفننگ دیتے ہوئے کہاکہ حکومت نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے ذریعے سے ملک بھر میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کیلئے لوکل انتظامیہ کی مدد حاصل کی ہے ۔موجودہ معاشی بدحالی کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈائون کرنا ممکن نہیں ہے ۔بہر حال حکومت سمارٹ لاک ڈائون کر رہی ہے ۔اس سلسلہ میں پانچ سو ایریاز کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر کورنا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا ۔اس مہینہ کے آخر تک تشویشناک حالت میں مبتلا مریضوں کیلئے ملک بھر میں ایک ہزار ونٹی لیٹر موجود ہونگے ۔پانچ سو سے زائد ہیلتھ ورکروں کو تربیت دی جا چکی ہے جو کورنا مریضوں کا ایمرجنسی میں بہتر علاج کر سکیں گے ۔
مجلس قائمہ‘ اپوزیشن کا عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنز پر عمل نہ کرنے پر شدید احتجا ج
Jun 23, 2020