قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سابق لیجنڈ فاسٹ باؤلر وسیم اکرم کی اہلیہ و سماجی کارکن شنیرا نے مداحوں کو اُن کے قرنطینہ میں گزارے گئے 100 دن کے بارے میں بتایا ہے۔
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شنیرا اکر م نے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا۔
شنیرا نے سوالیہ انداز میں لکھا کہ میں نے 100دن کے قرنطینہ سے کچھ سیکھا ہے یا پھر میں نے یہ دن ضائع کیے ہیں؟ یہ سوال کرتے ہوئے شنیرا نے اپنے مداحوں کو اُن سب چیزوں سے آگاہ کیا جو اُنہوں نے 100 دن کے قرنطینہ میں کیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ میں نے قرنطینہ میں اپنی 38ویں سالگرہ منائی، پیزا بنانا سیکھا، اپنی بیٹی کو تیراکی سیکھائی، شوہر اور بچوں کے ساتھ لڑائی کی، والدہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔
سماجی کارکن نے مزید لکھا کہ میں نے رات کی چاندنی میں چھت پر رات گُزاری، سبزی پکانا سیکھی، یوم پاکستان منایا، مستحق لوگوں کی مدد دی۔
اُنہوں نے بتایا کہ اسی دوران میری بیٹی کا پہلا دانت ٹوٹا، میں نے اپنے بچوں کے ساتھ ماؤں کا عالمی دن منایا، اپنے اہلخانہ کے ساتھ بہت ہنستے کھیلتے یادگار لمحات گزارے۔وسیم اکرم کی اہلیہ نے انسٹا گرام پر لکھا کہ ماہ صیام بڑی خوبصورتی سے گُزارا، نماز پڑھنا سیکھی، عید کی خوشیاں منائیں، شوہر کی 54ویں سالگرہ منائی، ٹک ٹاک بنائی، پڑوسیوں سے بات چیت کی۔شنیرا نے مزید لکھا کہ میں نے خیراتی ادارے کے ساتھ کام کیا، اپنی بیٹی کی باربی کے لیے نئے کپڑے بنائے، میک اپ کے بغیر رہنا سیکھا۔ طیارہ حادثہ اور کورونا کی صورتحال پر تبصرے کیے، گھر کی صفائی کی، اپنی الماری اور سوٹ کیس صاف کیا۔بات کو جاری رکھتے ہوئے اُنہوں نے لکھا کہ فادرز ڈے کے موقع پر اپنے والد کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا۔ آخر میں اُنہوں نے لکھا کہ مصروفیت میں گزرے قرنطینہ کے 100دن بہت اچھے اور یادگار تھے۔