لاہور (کامرس رپورٹر) تاجروں نے انفراسٹرکچر، روڈ نیٹ ورک، پارکنگ پلازہ اور ٹریفک سے متعلق مسائل حل کرنے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے مدد طلب کی ہے۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے ایک وفد نے چیئرمین وقار احمد میاں کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح، سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری سے ملاقات کی اور آگاہ کیا کہ تاجر مارکیٹوں میں انتہائی ناگفتہ بہ حالات میں کاروبار کررہے ہیں اور صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران ملک امانت علی، سیکریٹری جنرل ملک کلیم احمد، لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید، سابق نائب صدر ذیشان خلیل، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران عمران بشیر اور مقبول صدیقی ، تاجر رہنماناصر انصاری، حارث عتیق، بابر علی خان، ملک حفیظ، نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفد کے اراکین نے لاہور چیمبر کے عہدیداروں کو آگاہ کیا کہ بجلی کی ترسیل کے ناقص نظام کی وجہ سے مارکیٹوں میں آتشزدگی کے بارہا سانحات رونما ہوچکے ہیں۔ لیکن لیسکو حکام نے درستگی کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے۔
ناقص ترسیلی نظام سے مارکیٹوں میں آتشزدگی کے واقعات رونما ہو رہے:تاجربرادری
Jun 23, 2021