کرونا: 27ہلاکتیں ، ہوائی اڈوں پر ایس اوپیز کی خلاف ورزی ، کاروائی ہوگی: این او سی

Jun 23, 2021

اسلام آباد (نامہ نگار،آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید  27 افراد جاں بحق ہونے کے بعد اموات کی تعداد 22  ہزار 34  ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 49  ہزار 838 ہوگئی۔ منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 663  نئے کیسز رپورٹ ہوئے، اب تک پنجاب میں 10 ہزار 659، سندھ میں 5 ہزار 344، خیبر  پی کے میں 4 ہزار 274، اسلام آباد میں 775، بلوچستان میں 301، گلگت بلتستان میں 108 اور آزاد کشمیر میں 573 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کیلئے براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کرنے کا اعلان کر دیا۔ گزشتہ روز ملک میں مزید 3 لاکھ 4 ہزار 109 افراد کو پورے ملک میں ویکسین لگا دیا گیا جس کے بعد اب تک ویکسین لگوانے والے افراد کی کل تعداد ایک کروڑ 34 لاکھ 84 ہزار 364 ہو گئی ہے۔یہ بات انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر سے ملاقات میں کیا۔سائنو فارم اور سائینو ویک کی دوسری ڈوز 21اور 28روز میں لگانے کا فیصلہ بحال کردیا گیا ہے۔ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سائنو فارم کی پہلی ڈوز لگوانے والے 21روز بعد ویکسین کی دوسری ڈوز لگواسکتے ہیں۔سائینو ویک کی پہلی ڈوز لگوانے والے28روز بعد دوسری ڈوز لگواسکتے ہیں۔پہلی ڈوز لگوانے والوں کے لئے چھ ہفتوں کی پالیسی برقرار ہے۔فریش ڈوز لگوانے والوں کو دوسری ڈوز 6ہفتے بعد لگائی جائیگی۔ذرائع محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں واضح کمی کے بعد فیصلہ واپس لیا گیا۔دریں اثنائنیشنل کمانڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے ملک بھر کے ہوائی اڈوں کے لائونجز پررش کا نوٹس ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کا اندرون ملک پروازوں پر ہر دو پروازوں کے درمیان 45 منٹ کا وقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رش کو ایس او پیز کی خلاف ورزی قرار دیا ہے ۔ این سی او سی کی جانب سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ایک ہی وقت میں دو پروازیں آپریٹ نہ کرنے کی ہدایت کی ہیں اور ہر دو گھنٹے کے دوران زیادہ سے زیادہ 4 سے پانچ پروازیں آپریٹ کرنے کے احکامات دیئے ہیں ۔ ایس سی او سی کے احکامات کی روشنی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اندرون ملک ہر دو پروازوں کے درمیان 45 منٹ کا وقفہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اتھارٹی کی جانب سے مسافروں سے کرونا ایس او پیز پر مکمل تعاون کرنے کی بھی اپیل کی ہے ۔ جب کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔

مزیدخبریں