لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جا رہا ہے۔ معاون کابینہ نے رمضان بازاروں کو سہولت بازاروں میں بدلنے کی منظوری دی ہے۔ وزراء کے لئے نئی گاڑیاں خریدنے کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے تب سے نئی گاڑیاں خریدنے پر پابندی عائد ہے۔ پرانی گاڑیوں کی مرمت کے اخراجات نئی گاڑیوں کی قیمتوں سے زیادہ ہونے کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نئی گاڑیوں کو لیز کیا جائے گا اور متعلقہ محکمہ اپنے بجٹ سے انسٹالمنٹ پر لیز کرا سکے گا۔ بجٹ میں عام آدمی کی ضروریات کا خیال رکھا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے جولائی کے پہلے ہفتے سے ہر محکمے کے مختص شدہ بجٹ کے درست استعمال کے لئے خود مانیٹرنگ کریں گے۔ ظل سبحانی کنیز اول و درباریوں و حواریوں کے جھرمٹ میں ایف آئی اے میں پیش ہوئے اور یہ تاثر دیا جیسے انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کبھی نہیں سنا کہ کوئی جتھے بنا کر ایف آئی اے میں پیش ہوا۔ بدقسمتی سے یہاں طاقتور نے قانون کو تابع کیا ہوا تھا۔ یہ وہی تبدیلی ہے جس کا وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ طاقتور کو قانون کے تابع کریں گے۔ طاقتور کو قانون کے تابع ہونا ناگوار گزرا ہے۔ جو ریلیف عوام کو ملنا چاہیے تھا وہ ایک خاندان کو ملتا رہا۔ شاہی خاندان نہ صرف اداروں بلکہ حکومت کو بھی دھمکیاں لگا رہا ہے۔ ان کی پیشیاں ان کے کالے کرتوتوں کی وجہ سے ہیں۔ جب تک پیپلز پارٹی کی (ن) لیگ کے ساتھ پینگیں ختم نہیں ہوتیں ان کی سیاست نہیں بچے گی۔ پیپلز پارٹی کو (ن) لیگ کی گود سے نکلنا ہو گا۔ وزیراعظم کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ شارٹس پہن کر کسی بھی پبلک پلیس پر آنا ہمارے سماجی رسم و رواج کے خلاف ہے۔ یہ ہمارا کلچر ہے اور نہ ہی روایات۔ پرویز الٰہی کی زرداری سے ہونے والی ملاقات عمران خان کے خلاف نہیں۔ مہمان نوازی پنجاب کا کلچر ہے۔
پرویز الٰہی کی زرداری سے ملاقات عمران کیخلاف نہیں: فردوس عاشق
Jun 23, 2021