پشاور (این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے کہا ہے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلکیشن ٹک ٹاک سے 98 لاکھ غیراخلاقی ویڈیوز ہٹا دی گئی ہیں۔ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان کی سربراہی میں عدالتی بنچ نے ٹک ٹاک پر اپلوڈ ہونے والے مواد سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ڈائریکٹر ٹیکنیکل پی ٹی اے نے بتایا پشاور ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد اب تک ٹک ٹاک سے 98 لاکھ غیر اخلاقی ویڈیوز کو ہٹا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کی تعمیل کرتے ہوئے اب تک غیر اخلاقی مواد اپلوڈ کرنے والے 7 لاکھ 20 ہزار ٹک ٹاک اکاؤنٹس کو بلاک کر دیا گیا۔ اس پر چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ریمارکس دیئے جو کام آپ کر رہے ہیں اس کو جاری رکھیں۔ ہم نہیں چاہتے تفریح کے لئے ٹک ٹاک کو بند کیا جائے۔