لاہور (نامہ نگار خصوصی+ کامرس رپورٹر) قرآن پاک کی غلطیوں سے پاک طباعت اور ریکارڈنگ یقینی بنانے کیلئے پنجاب ہولی قرآن ترمیمی بل پرنٹنگ اینڈ ریکارڈنگ سمیت چھ پرائیویٹ بلز ایوان میں پیش کر دئیے گئے۔ جبکہ وزیر تعلیم کی ایوان میں عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سپیکر نے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے بارے میں وقفہ سوالات کو موخر کردیا۔ سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوتے ہی ایوان میں نشاندہی کی گئی کہ متعلقہ وزیر موجود نہیں جس پر سپیکر نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ پارلیمانی سیکرٹری کے بجائے متعلقہ وزیر کو اپنے محکمے کے سوالوں کے جواب دینے چاہئیں۔ اجلاس کے دوران پنجاب ہولی قرآن ترمیمی بل پرنٹنگ اینڈ ریکارڈنگ 2021، پرونشل اسمبلی آف دی پنجاب پریویلیج ترمیمی بل 2021 ،قرشی یونیورسٹی ترمیمی بل 2021، انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ اپلائیڈ سائنسز خانیوال بل 2021 ،دی انسپائر یونیورسٹی لاہور 2021 اور پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ترمیمی بل متعارف کرائے گئے۔ اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ وزیر تعلیم ایوان میں موجود نہیں تعلیم کے متعلقہ تین بلزکوموخر کردیا جائے تو سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ متعلقہ وزیر کی جہاں ضرورت ہے اگر وہاں بھی نہ آئیں تو یہ اچھی بات نہیں،یہ بل متعارف کرائے جارہے ہیں منظور نہیں کئے جا رہے۔ سپیکر نے تمام بل سپیشل کمیٹی کے سپرد کرکے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں مفاد عامہ سے متعلقہ (ن) لیگ کے رکن محمد صفدر شاکر کی قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ جس میں مطالبہ کیا گیا ہے ظفر چوک سمندری سے فیصل آباد تک سڑک کی فوری مرمت کی جائے جس کی ٹوٹ پھوٹ سے آئے دن حادثات اور ڈکیتی کی وارداتیں ہوتی رہتی ہیں۔ اجلاس میںلیگی رکن اسمبلی منیب الحق نے ایک قرارداد پیش کی جس میں انہوں نے اوکاڑہ کے لئے ٹیچنگ ہسپتال اور میڈیکل کالج بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بروز بدھ دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔