لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلی عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں عوام کو مصنوعی مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے پنجاب کابینہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں سہولت بازار وں کے قیام کی منظوری دی۔ صوبہ بھر میں 337 سہولت بازار/ سہولت کاؤنٹر قائم کئے جائیں گے۔ سہولت بازاروں /سہولت کاؤنٹرز پر آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 430 روپے میں ملے گا۔ جبکہ عوام کو پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول ارزاں نرخ پر ملیں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے سہولت بازاروں /سہولت کاؤنٹرز کے قیام اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ کابینہ نے صوبے کی پہلی سپورٹس پالیسی 2020کی منظوری دی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا۔ سپورٹس انفراسٹرکچر کی تشکیل، اکیڈمیوں کا قیام اور ڈیٹابیس جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔ سپورٹس میڈیسن، کھلاڑیوں کیلئے انشورنس سکیم سپورٹس پالیسی میں شامل ہے۔ پنجاب کے 200 گاؤں میں گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں مزید 1400 گراؤنڈز قائم کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اجلاس میں پنجاب کے دریاؤں کی مینجمنٹ، ڈرینج سروسز اوربہتر آبپاشی کیلئے پنجاب ایریگیشن، ڈرینج اور ریورز ایکٹ 2021 کی منظوری دی گئی۔ نئے ڈیم بنانے کیلئے ایریگیشن ایکٹ سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ زیر زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے کیلئے زرعی ٹیوب ویلوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ شمس قاری، چمبہ ہاؤس لین جی او آر وَن لاہور میں بہبود ایسوسی ایشن کے بہبود کمپلیکس کے لئے نزول اراضی کی لیز میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلی نے محکمہ آبپاشی کی ٹرانسفر پالیسی کا ازسرنوجائزہ لینے کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز /انسٹی ٹیوشنز پنجاب 2021 کے تحت سرکاری اداروں کے ساتھ الحاق کے طریقہ کار او رگائیڈ لائنز کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بھرتی کے لئے کنٹریکٹ پر تقرری کی پالیسی 2004 میں متضاد شقوں کو ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔ پرندوں، جانوروں کی نسل کو معدوم ہونے سے بچانے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے پی سی پی ائر گن/ سی او ٹو ائرگن/ سائلنسڈ ائرگن کو پنجاب وائلڈ لائف ترمیمی ایکٹ 2007 کے سیکشن 9 میں شامل کرنے کی منظوری دی-پی سی پی ائر گن/ سی او ٹو ائرگن/ سائلنسڈ ائرگن کو شکاری ہنٹنگ کیلئے استعمال نہیں کرسکیں گے۔ پنجاب انڈسٹریز (کنٹرول آن اسٹیبلشمنٹ اینڈ انلارجمنٹ) آرڈیننس 1963 میں ترمیم ‘ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ برائے سال 2020 کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی-دی پنجاب ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایکٹ 1976 کے سیکشن 2(C) کے تحت اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی- ڈسٹرکٹ مینجمنٹ (ڈپٹی کمشنر) کو ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ مینجمنٹ کے مخصوص اختیارات حاصل ہوں گے۔ دی پنجاب ٹریول ایجنسیز رولز 2021 اورپنجاب ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ رولز 2021 اینڈ پنجاب ٹورسٹ گائیڈ رولز 2021 کی منظوری دی گئی۔ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے استعفیٰ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے گندم خریداری کے ٹارگٹ کی ایکس فیکٹو منظوری دے دی - پنجاب حکومت خیبر پی کے کو ایک لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرے گی۔ پنجاب کابینہ نے بجٹ میں عوام کے ریلیف کیلئے ٹھوس اقدامات پر وزیراعلیٰ کے ویژن کو سراہا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے۔ یہ بجٹ صرف کتابی دستاویز نہیں بلکہ صوبے کی پائیدار ترقی کا جامع روڈمیپ ہے۔ اپوزیشن ’’میں نہ مانوں‘‘ کی رٹ چھوڑ کر بجٹ کا مطالعہ کرے۔پنجاب میں ون مین شو ختم کیا ہے اور ہم مشاورت کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں۔سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔ وزیراعلی سے برطانیہ کے منسٹر آف سٹیٹ ساؤتھ ایشیاء لارڈ طارق احمد نے ملاقات کی، برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنربھی موجود تھے،لارڈ طارق احمد نے صوبے میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور زگ زیگ ٹیکنالوجی اپنانے پر عثمان بزدار کے اقدامات کو سراہا۔ لارڈ طارق نے کہا کہ برطانیہ پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں۔ پنجاب میں تعلیم،صحت اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کیلئے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پنجاب حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام شروع کیا ہے۔ عثمان بزدار نے لارڈ طارق احمد کو قبائلی علاقے کوہ سلیمان کی روایتی چھڑی کا تحفہ بھی دیا۔ وزیراعلیٰ سے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں اور کارپوریٹ زرعی فارمنگ پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔ عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے منصوبے پاکستان کی معیشت کیلئے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ عثمان بزدار سے ارکان صوبائی اسمبلی عائشہ نواز اور سیدافتخار حسن گیلانی نے ملاقات کی اور بجٹ میں عوام کے لئے ریلیف فراہم کرنے پر مبارکباد دی۔ عثمان بزدار نے کہا اپوزیشن اتنے بہترین اور عوام دوست بجٹ کو پڑھے بغیر ہی تنقید برائے تنقید کررہی ہے۔ اپوزیشن کا رویہ غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب ہے۔ عام آدمی کو ریلیف اور سہولتیں دی گئی ہیں۔ بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ بد قسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے۔ بہترین بجٹ پر اپوزیشن کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ اپوزیشن کا کام صرف تنقیدبرائے تنقید کرنا رہ گیا ہے، انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ میں چوک اعظم کے قریب ٹریفک حادثے میں 3 طلبا کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پردکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سپورٹس پالیسی سہولت بازاروں کے قیام کی منظوری مہنگائی سے نجات دلائیں گے: عثمان بزدار
Jun 23, 2021