عمران نے جہاں ہاتھ ڈالا نقصان ہوا، موٹروے گروی رکھنے کا منصوبہ  نا کام ہوگا: بلاول

Jun 23, 2021

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہوائی اڈوں اور موٹروے کو گروی رکھنے کا حکومتی  منصوبہ ناکام ہو جائے گا۔ پارلیمنٹ  میں  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس منصوبے میں  ہاتھ ڈالا، اس کا نقصان ہوا بہتری  نہیں ہوئی۔ عمران خان کے آنے سے قبل اور بعد میں حالات کیا ہیں؟۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اسامہ بن لادن نے 1993ء میں رمزی یوسف  کے ذریعے وزیراعظم پر حملے کی کوشش کی۔ کیا عمران خان کو پتہ نہیں کہ اسامہ بن لادن نے 1994ء میں اسلام کے نام پر بغاوت کی کوشش  کی۔ اسامہ بن لادن نے دنیا بھر میں اور پاکستان میں دہشتگردی کرانے میں کردار ادا کیا۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کیس میں کافی  الزامات اسامہ بن لادن کی طرف جاتے ہیں۔ اگر اسامہ بن لان دہشتگرد نہیں تو پھر دہشتگرد کون ہے؟۔ پوری دنیا افغانستان کی جانب دیکھ رہی ہے اور ہمارے مخالف  بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔ عمران خان اور وزیر خارجہ کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جتنی بدنامی  اسلام  کے نام  کو  اسامہ بن لادن نے دلائی تاریخ میں کسی نے نہیں دلائی۔ ہر مسلمان اور پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اس دہشتگردی کے وائرس کو رد کرے۔ اسلام ایک پرامن مذہب ہے۔ عمران خان کو اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنا ہوگی۔  وزیر خارجہ اسامہ بن لادن پر بات نہیں کر سکتا تو اس کا خارجہ پالیسی پر اثر پڑے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے خواتین سے متعلق ریمارکس افسوسناک ہیں۔ ہمیں متاثر ہونے والوں کا ساتھ دینا چاہئے۔ جو جرائم  ہوتے ہیں ان کیلئے بہانہ نہیں بننا چاہئے۔ خان صاحب ایسے عہدے پر بیٹھے ہیں جہاں ان کو لب و لہجہ  سوچ سمجھ کر چننا چاہئے۔ جب وہ ایسے بات کریں گے تو پیغام  جائے گا جس سے ناانصافی ہوئی اس کا قصور ہے۔ جو  ناانصافی کر رہا ہے اس کیلئے آپ بہانہ بنا رہے ہیں۔ ہمارا کلچر ہمیں سکھاتا ہے کہ کپڑے کیسے پہننے ہیں۔ کپڑوں  کا ریپ  اور زیادتی سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمیں خواتین کیلئے سٹینڈ لینا پڑے گا۔ جس نے زیادتی یا ظلم کیا اس کیلئے  ایک جیسا قانون ہونا چاہئے۔  عمران خان کے اقتدار میں آنے سے پہلے  اور اب  کے بیانات دیکھ سکتے ہیں۔ عمران خان آج سے نہیں پہلے دن سے بزدل ہیں۔ عمران خان کبھی کسی دہشتگرد کو دہشتگرد کہنے کو تیار ہی نہیں تھے۔ وہ اے پی ایس حملے میں ملوث احسان اﷲ کو دہشتگرد کہنے کو تیار نہیں۔   بلاول بھٹو زرداری نے قانون ساز کمیٹی کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹروں  سینیٹر شیری رحمن، سینیٹر رضا ربانی، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر تاج حیدر اور سینیٹر شہادت اعوان سے انتخابی اصلاحات کے متعلق قانون ساز کمیٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ اراکین قومی اسمبلی سردار محمد بخش خان مہر، عبدالقادر پٹیل، رفیق جمالی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، شازیہ عطا مری، آغا رفیع اللہ، خورشید جونیجو، شگفتہ جمانی، نصیبہ چنا، ڈاکٹر مہرین بھٹو، شاہدہ رحمانی، رفعت مہیسر اور دیگر اراکین قومی اسمبلی نے  بھی بلاول بھٹو سے ملاقات کرکے اپنے علاقوں کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔

مزیدخبریں