لاہور(کامرس رپورٹر) یوٹیلٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈش واش، ماچس و دیگر اشیاء کی قیمتوں میں ٹبڑا اضافہ کر دیا گیا۔ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ برانڈڈ 75 گرام ٹوتھ پیسٹ 20 روپے اضافہ کے بعد 97 روپے سے بڑھ کر 117 روپے کی ہو گئی جبکہ برانڈڈ ٹوتھ برش کی قیمت میں 20 روپے تک کا اضافہ ہوا جس کی نئی قیمت 117 سے بڑھ کر 137 روپے ہو گئی۔ ٹوائلٹ رول پیپر کی قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 69 سے بڑھ کر 74 روپے ہو گئی، اسی طرح لگژری سائز ٹشو پیپر کی قیمت میں بھی 25 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ٹشو پیپر کا ڈبہ 173 سے بڑھ کر 198 روپے کا ہو گیا۔ برتن دھونے والی سپونج کی قیمت میں 66 روپے کا اضافہ ہوا، گلاس ونڈو کلینر کی قیمت میں بھی 43 روپے کا اضافہ ہوا جس کی قیمت 200 روپے سے بڑھ کر 243 روپے کی ہو گئی۔ ماچس کے پیکٹ میں بھی 10 روپے تک کا اضافہ ہوا، جس کی قیمت 40 روپے سے بڑھ کر 50 روپے ہو گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر مکس مصالحہ جات کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ ایک کلو مکس اچار کی قیمت میں 55 روپے اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 278 سے بڑھ کر 333 روپے ہو گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر چنے کی دال کی قیمت 162 سے بڑھا کر 190 روپے کلو کر دی گئی۔ سفید چنے کی قیمت 215 سے بڑھا کر 300 روپے کلو کر دی گئی۔ دال مسور کی قیمت 215 سے بڑھا کر 270 روپے کلو کر دی گئی۔ صابن کی قیمت میں 10 سے 30 روپے تک اضافہ کر دیا گیا۔ واشنگ پائوڈر کی قیمت 10 سے 30 روپے فی کلو تک بڑھا دی گئی۔ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر بنیادی اشیائے ضروریہ پر سبسڈی جاری ہے۔ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ اضافہ رمضان المبارک کے بعد کیا جا رہا ہے۔ ان اشیاء کی قیمتیں پچھلے سال ستمبر سے مستحکم رکھی گئی تھیں۔ مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو یوٹیلٹی سٹورز کو بھی قیمتوں پر نظرثانی کرنی پڑتی ہے۔
یو ٹیلٹی سٹورز پر دالوں ، واشنگ پا ئوڈر، صابن ، مصا لحوں، اچار سمیت کئی اشیا ء کے نر خوں میں اضافہ
Jun 23, 2022