لاہور(کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور انٹرنیشنل ٹریڈ سنٹر(آئی ٹی سی) کے مابین گزشتہ روز وزارت صنعت و پیداوار کی سرکردگی میں افہا م و تفہیم کی یادداشت طے پائی جس کے تحت پاکستان کے دیہات میں زراعت پر مبنی ایس ایم ایز کو فروغ دیکر دیہی خوشحالی اور دیرپا ترقی کیلئے 6 سالہ گرانٹ پراجیکٹ پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ یادداشت پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہاشم رضا نے بتایا کہ اس منصوبے کیلئے یورپی یونین کی طرف سے 309 ملین روپے کی گرانٹ مختص کی گئی جس کے تحت پاکستان کے صوبہ سندھ اور بلوجستان میں زراعت پر مبنی چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کو فروغ دیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے ہارٹیکلچر اور لائیوسٹاک کے شعبوں کی مکمل ویلیو چین کو جدید انداز سے ترقی دی جائے گی۔ایم او یو کے تحت سمیڈا اور آئی ٹی سی، سند ھ اور بلوچستان کے دیہات میں زرعی ایس ایم ایز کی افزائش و ترقی کیلئے سلسلہ وار مشترکہ سرگرمیوں کا انعقاد کریں گے جن میں ہارٹیکلچر اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں نئی ایس ایم ایز کے فروغ اور پہلے سے موجود ایس ایم ایز کے دیرپا استحکام اور جدت کیلئے فیزیبلٹی سٹدیز، ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ اور تعمیر استعداد کیلئے متعدد اقدامات شامل ہونگے۔ علاوہ ازیں ان اقدامات کیلئے درکار تربیت کاری کیلئے تربیتی پروگراموں اور تربیت کاروں کا نیٹ ورک بھی تشکیل دیا جائے گا۔مذکورہ پراجیکٹ کا بنیادی پارٹنر آئی ٹی سی، اقوام متحدہ اور عالمی بنک کا مشترکہ ادارہ ہے جس میں فوڈ اینڈ ایگریکلچرل آرگنائزیشن اور پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن فنڈ سمیت متعدد مقامی اور بیرونی ادارے فعال حصہ دار ہیں۔ پاکستان میں دیہی خوشحالی اور دیرپا ترقی کے منصوبے کیلئے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے وفد نے آئی ٹی سی کے توسط سے 48,000,000 یورو کا بجٹ مختص کیا ہے جوکہ 308ملین روپے کے لگ بھگ بنتا ہے۔مقامی سطح پر اس پراجیکٹ کی نگرانی تین سٹیئرنگ کمیٹیا ں کریں گے ایک وفاقی حکومت کی سطح پر اور باقی دو بلوچستان اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کی سطح پر تشکیل دی گئی ہیں۔ جبکہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز میں زرعی شعبہ کی ایس ایم ایز، زرعی خدمات کی فراہمی کے ادارے، پالیسی ساز محکمے اور سمیڈا شامل ہے۔سی ای او سمیڈا ہاشم رضا نے بتایا ہے کہ سمیڈا کے پاس بین الاقوامی، قومی اور صوبائی اداروں کے ساتھ مشترکہ پروگراموں پر عملدرآمد کا وسیع تجربہ ہے جبکہ آئی ٹی سی دنیا بھر میں کاروباری ترقی کے طویل تجربہ سے لیس ہے۔ انہوں نے امید کی کہ دونو ں اداروں کا اشتراک عمل پاکستان میں دیہی خوشحالی اور دیرپا ترقی کے اہداف حاصل کرنے میں ممد و مددگار ثابت ہوگا۔