لاہور(کلچرل رپورٹر)معروف قوال امجد صابری کی چھٹی برسی منائی گئی۔ 1974 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھ کھولنے والے امجد صابری کو قوالی ورثے میں ملی۔ انھوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت والد غلام فرید صابری اور بڑے بھائی عظمت صابری سے حاصل کی۔ فنی تعلیم و تربیت کے بعد امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اس انداز سے اپنی صلاحیتوں کو منوایا کہ جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔امجد صابری نے بھارت، نیپال، امریکہ، لندن سمیت 17 سے زائد ممالک میں پرفارمنس دی۔ اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر سامنے آئے اور انھوں نے باقاعدہ قوالی کا آغاز اسی کلام تاجدار حرم سے کیا جو ماضی میں ان کے والد اور چچا کو بام عروج پر پہنچا چکا تھا۔22 جون 2016 کو لیاقت آباد میں گھر سے کچھ فاصلے پر انھیں اس وقت دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور زخموں کی تاب نہ کر جاں بحق ہوگئے تھے۔