لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی اس سال آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل مینز ان گرین کے امکانات کے بارے میں پراعتماد ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے میگا ایونٹ کیلئے تمام بنیادوں کا احاطہ کر لیا ہے۔ جو ٹیم آسٹریلیا میں 2022ء کے ورلڈ کپ کیلئے جائے گی، اس کے پاس تمام مطلوبہ مہارتیں ہیں، جیسے باؤلنگ کی طاقت، آل راؤنڈرز کے ساتھ ساتھ ایسے کھلاڑی جو حملہ آور کرکٹ کھیل سکتے ہیں، آسٹریلیا میں پچز بھی اچھی ہیں اس لیے مجھے امید ہے کہ یہ ٹیم اچھا نتیجہ دے گی۔اہم چیز مینجمنٹ ہے، اس کے بعد کوچنگ آتی ہے۔کھلاڑی پہلے ہی بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں اس لیے ان کو بس مینج کرنا ہے۔ میرے خیال میں ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ میں جب بھی کھلاڑیوں سے بات کرتا ہوں تو وہ ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ انتظامیہ واقعی اچھی ہے۔میں کوئی منفی چیز نہیں سنتا جو ایک اچھی علامت ہے۔