جماعتوں  کی لڑائی میں عوام سینڈوچ، سراج الحق، پرسوں سے مہنگائی ٹرین مارچ 

Jun 23, 2022

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت وینٹی لیٹر پر اور پورا سیاسی نظام آئی سی یو میں ہے۔ تینوں حکمران جماعتوں کی مفادات کے لیے لڑائی میں عوام سینڈوچ بن گئے۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہونے والے فیصلوں میں قومی پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی جاتی ہے۔ پی ٹی آئی کی طرح پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی کی اتحادی حکومت بھی ناکامیوں کا ملبہ سابقہ حکمرانوں پر ڈال رہی ہے۔ ثابت ہو گیا کہ تینوں بڑی پارٹیوں کے پاس ملک کو معاشی، آئینی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے کے لیے کوئی لائحہ عمل موجود نہیں۔  ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی قائدین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ، قائم مقام سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن سمیت دیگر قائدین شریک تھے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ پہلے پی ٹی آئی کی حکومت نے نیب کے پر کاٹے اور اب پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی والوں نے ادارہ کے دانت بھی نکال دیے۔ حکمران جماعتوں سے وابستہ لیڈروں کا شروع سے ہی فلسفہ ہے کہ خود کو بچاؤ اور اداروں کو کمزور کرو۔ ہر حکومت نے احتساب سمیت دیگر قومی اداروں کو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کیا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی زیر قیادت مہنگائی کرپشن اور سودی نظام کے خلاف جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ کے پہلے روز 25 جون کو خیبر میل ایکسپریس کے ذریعے صبح 3-08 بجے رحیم یار خان سے آغاز ہوگا۔ قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال اور مرکزی وصوبائی ذمہ داران بھی بھی ٹرین مارچ میں امیر جماعت کے ہمراہ ہوں گے ۔
سراج الحق 

مزیدخبریں