سری نگر(کے پی آئی) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کاروائیاں جاری ہیں۔بھارتی فورسز نے4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے تین نوجوانوں عاشق حسین حجام ، غلام محی الدین ڈار اور طاہر بن احمد ضلع بارہمولہ کے علاقے جوہامہ سے شاہد احمد پرے کو گرفتار کر لیا گیا ۔مقبوضہ کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے عسکریت پسند ہیں۔ شاہد احمد پرے کو بھارتی فوج اورپولیس کی مشترکہ ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے علاقے جوہامہ میں ایک ناکے پرگرفتار کیا۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی۔ جنوبی کشمیر کے اسلام آباد ضلع میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار نے سدھ کے روز اپنی سروس رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی جبکہ غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے بھارتی قانون یو اے پی اے کے تحت مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے حریت پسندی کیلئے استعمال ہونے کے شبہ میں گھروں کو ضبط کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے سرینگر شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ رہائشی مکانوں کو ضبط کر لیا ہے۔
کشمیر