مانگے تانگے سے ملک چلانا مزید مشکلات کی طرف لے جائے گا: اعجاز الحق

Jun 23, 2022

راولپنڈی (عزیزعلوی) پاکستان مسلم لیگ (ض) کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ مانگے تانگے سے ملک کو چلانا مزید مشکلات کی طرف لے کر جائے گا۔ آئی ایم ایف سے دو ارب ڈالر لینے کے لئے 22 کروڑ عوام کو گروی رکھ دیا گیا۔ مہنگائی، بیروزگاری کے باعث ڈاکے خودکشیاں ہونے سے امن و امان خراب ہو رہا ہے۔ اداروں کے خلاف جو مہم چل رہی ہے یہ ختم ہونی چاہئے۔ مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈالنا، بھارت کو واہگہ سے طورخم تک راہداری دینے کے معاملات میں یاد رکھا جائے کشمیر کا مسئلہ حل ہونے تک بھارت سے مذاکرات کرنا غداری کے مترادف ہو گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اپنے دفتر میں نوائے وقت سے انٹرویو میں کیا۔ محمد اعجاز الحق نے کہا کہ اس وقت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔ میرا دوٹوک موقف ہے کہ پاکستان کی 74 سالہ تاریخ کے بارے میں اگر خارجہ پالیسی میں کوئی بھی تبدیلی لانا ہو تو یہ فیصلہ کوئی ایک حکومت اکیلے نہ کرے بلکہ اس کے لئے ملک گیر قومی ریفرنڈم کرانا ہوگا۔
 اعجاز الحق


 

مزیدخبریں