لاہور(نامہ نگار)سٹی ٹریفک پولیس نے تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز کردیاہے ۔اب تک وارننگ نوٹسز کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے پر ایک ہزار سے زائد مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ شہر کی 24 شاہراہوں پر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے اور 17 مقامات پر عارضی کیمپ لگا دئیے گئے ہیں۔سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے ڈویژنل افسران، سرکل افسران اور سیکٹر انچارجز کو بلاتفریق کارروائی کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تجاوزات نہ ہٹانے پر دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں ۔تاجر یونینز سے مل کر دکانوں کے آگے لگی تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے،غلط پارکنگ اور تجاوزات قائم کرنا، ٹریفک جام کا بڑا مسئلہ ہے۔ تجاوزات قائم کرنا، قبضہ کرنے کے مترادف ہے۔