فیروز والا( نامہ نگار) حکومت پنجاب نے بعض شکایات کی بناء پر ہدایت جاری کی ہے کہ ہر ضلع میں موجود لاکھوں ٹن سرکاری گندم کے ذخائر کی فوری طور پر چیکنگ کی جائے اور چیکنگ کے عمل میں ضلع انتظامیہ کے افسران کو شامل کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حالیہ خریداری سے قبل ہر ضلع میں گندم کے بڑے ذخائر موجود تھے جس کی وجہ سے کئی اضلاع میں اربوں روپے مالیت کی گندم کو ذخیرہ کرنے کی غرض سے پرائیویٹ گودام کرایہ پر لینے پڑے اور شیخوپورہ سمیت کئی اضلاع کے مراکز خریداری گندم کے حوالے سے حکومت کو شکایت ملی تھی کہ ان مراکز میں گندم میں نمی کے بہانے سے ہر 40 کلو پر ایک کلو زیادہ گندم لی جاتی تھی جس کا اب وافر ذخیرہ ہوچکا ہے اور حالیہ بارشوں کی وجہ سے کئی گوداموں کی چھتیں ٹپکنے کا اندیشہ ہے اور گندم کو سونڈی اور سسری سے بچانے کیلئے گوداموں میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کرنا بھی ضروری ہے۔ ان تمام امور کی پڑتال کیلئے حکومت نے گندم کے ذخائر کی فوری طور پر چیکنگ کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے دوران ریمنڈم گوداموں کے ذخائر کا وزن بھی چیک کیا جائے۔