اسلام آباد(نا مہ نگار)مائیکروسافٹ 12سال سے زائد عرصے سے پاکستان بھر میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور دیگراداروں کیساتھ مل کر تعلیم کو ٹیکنالوجی میں تبدیل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے اور اس سال بھی مائیکروسافٹ ایجوکیشن ٹرانسفارمیشن کے 4 اہم ستونوں پر کام کیا جا رہا ہے۔اس سلسلے میں ایچ ای سی اور مائیکروسافٹ نے ای ٹی ایف( ETF ) لاگو کرنے اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کی حوصلہ افزائی کیلئے "مائیکروسافٹ کیمپس کنیکٹ ڈے 2022 "کا اہتمام کیا گیا جوایک تعلیمی تبدیلی کا فریم ورک اقدام ہے ۔یہ اقدام تعلیمی نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے ،پاکستان بھر کے اعلی اداروں کے سیکھنے کے طریقوں کو تبدیل کرنے کے ذریعے بغیر کسی رکاوٹ کے علم کی منتقلی کے اپنے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔چیئرپرسن ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ سہیل نے تقر یب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ تعلیم کا شعبہ کسی بھی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ مائیکروسافٹ پاکستان میں ایک عظیم مقصد کیلئے کوشاں ہے ، پاکستان میں ٹیکنالوجی کے استعمال کیلئے مکمل تعاون کریں گے ۔ اس موقع پر کنٹری ایجوکیشن لیڈ مائیکرو سافٹ پا کستان جبران جمشید نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں نے ہمیں اپنی زندگیوں میں ٹیکنالوجی کے بڑے اثرات کا احساس دلایا ،تعلیمی صنعت بھی اس سے مستثنی نہیں ہے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال وفاقی ،صوبائی سطح پر سرکاری، نجی اداروں میں یکساں ضروری ہے ۔مائیکروسافٹ سرٹیفکیشن کے ذریعے طلبا کے مستقبل کو محفو ظ بنانے کیلئے کو شاں ہیں ۔ ہائبرڈ لرننگ کے ذریعے جد ید طریقوں کو اپنا کر نظام کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے کارکردگی،پیداواری صلاحیت میں بھی اضافہ ہو گا ۔ڈی جی آئی ٹی، ہائر ایجوکیشن کمیشن نذیر حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مائیکروسافٹ کیساتھ اپنی شراکت داری بڑھانے پر خوشی ہے دونوں تعلیمی اداروں کی تکنیکی صلاحیت کو بڑھانے، وبائی امراض کے دوران درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے شراکت داری بڑھانے پر خوشی ہے۔ مائیکروسافٹ جدید ترین آئی ٹی سلوشنز کی فراہمی کے ذریعے پاکستان کے تعلیمی نظام کی تبدیلی کیلئے کو شاں ہے ۔ہم طلبا ، فیکلٹی ممبران ،تعلیمی منتظمین کوباہم فائدہ پہنچانے،پاکستان کو بین الاقوامی سٹیک ہولڈرز کیساتھ مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کیلئے مائیکروسافٹ کیساتھ مسلسل تعاون کررہے ہیں ۔تقریب میں سینکڑوں ماہرین تعلیم نے شرکت کی ۔مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، فیکلٹیز اورسرکاری افسران نے اپنے اپنے خیالا ت کا اظہا ر کیا ۔ ہائبرڈ بلینڈڈ ایونٹ کا بنیادی مقصد ای ٹی ایف( ETF)کے حصے کے طور پر پیش کئے جانیوالے پروگراموں کو شیئر کرنا اور ملک کے اعلی تعلیمی اداروں کو اجاگر کرنا تھا جو مائیکروسافٹ ٹیکنالوجیزسے وابسطہ ہیں ۔ تقریب میں طلبا کو ہائبرڈ ماڈل ماحول میں شامل کرنے، مناسب آلات ،پلیٹ فارم تک رسائی، ٹیکنالوجی کے انضمام ، فلاح و بہبوداور اساتذہ کے معاملات کوبھی زیر بحث لایا۔
ڈاکٹر شائستہ سہیل
مائیکروسافٹ پاکستان میں ایک عظیم مقصد کیلئے کوشاں: ڈاکٹر شائستہ سہیل
Jun 23, 2022