اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان اسٹیٹ آئل کے سابق ایم ڈی اور جنرل منیجر کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی گئی۔پی اے سی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی صدارت میں ہوا، جس میں پی ایس او کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی سے متعلق 56 ارب روپے کے خلاف ضابطہ معاہدوں پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں سیکرٹری پٹرولیم نے کمیٹی کو بتایا کہ نعیم یحییٰ میر سابق ایم ڈی پی ایس او، سینئر جنرل منیجر ذوالفقار جعفری نے خلاف ضابطہ معاہدے کیے۔دوران اجلاس چیئرمین پی اے سی نے ہدایت کی کہ جن لوگوں نے خلاف ضابطہ معاہدے کییاور ملک سے باہر بھاگ گئے، ان کے ریڈ وارنٹ جاری کیے جائیں۔ جو لوگ بیرون ملک کی شہریت رکھتے ہیں، وہ کرپشن کرکے بھاگ جاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے خلاف اسی وجہ سے کارروائی بھی نہیں ہوتی کہ بعض سیاسی لوگوں کو بھی اس طرح کے لوگوں سے فنڈنگ ملتی ہے۔چیئرمین نور عالم خان نے ہدایت کی کہ جو لوگ کرپشن کر کے بھاگے ہیں، ان کی جائیدادوں کی تفصیلات لے کر آئیں۔ ان لوگوں کے اثاثہ جات کی تفصیلات چیک کر کے نیب کو فراہم کی جائیں۔