11 ماہ میں 46 ملین سمارٹ ، فیچر موبائل فونز اسمبل کیے:الماس حیدر


 لاہور(کامرس رپورٹر) چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ الماس حیدر کل بروزجمعرات کوگورنر پنجاب سے ملاقات کرکے انہیں بورڈ کی سرگرمیوں اور پاکستان میں سمارٹ و فیچر موبائل فونز کی اسمبلنگ کی ریکارڈ تعداد کے بارے میں بریفنگ دیں گے۔ وہ گورنر کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے سیلولر انڈسٹری میں گہری دلچسپی کے حوالے سے بھی بریفنگ دیں گے کہ مجموعی طور پر نوکیا سمیت 31 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو لائسنس دیئے گئے جن میں سے 21 کمپنیاں ملک کے مختلف علاقوں میں کام کر رہی ہیں جبکہ باقی کے پلانٹس تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان میں تاریخ میں پہلی بار رواں مالی سال کے 11 ماہ میں ریکارڈ تعداد میں 46 ملین سمارٹ اور فیچر موبائل فونز اسمبل کیے گئے۔ 20 ملین سمارٹ موبائل فونز اسمبل کیے گئے جن میں سے اب تک 99 فیصد مارکیٹوں میں فروخت ہو چکے ہیں جبکہ 26 ملین فیچر موبائل فونز اسمبل کیے گئے جن میں سے 97 فیصد خریدے جا چکے ہیں۔ الٹرا ماڈرن ٹیکنالوجی سے لیس بہترین معیار کے سمارٹ اور فیچر موبائل فونز کی مقامی طور پر تیاری نے پاکستان میں خریداروں کا اعتماد بحال کیا ہے۔ 
پاکستانی انجینئرنگ انڈسٹری میں ترقی کرنے اور قومی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی بڑی صلاحیت ہے۔ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ پاکستان میں انجینئرنگ کی بنیاد کو مضبوط بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ اس شعبے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرکے خطے میں بہترین لبرل سرمایہ کاری اور قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ بہترین ہنرمند افرادی قوت بھی موجود ہے۔

ای پیپر دی نیشن