امپورٹڈ حکومت کو اپنی بےوقوفیوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس میں کسی کا قصور نہیں:شوکت ترین

Jun 23, 2022 | 15:18

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت ترین کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو اپنی بےوقوفیوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس میں کسی کا قصور نہیں۔

شوکت ترین نے امپورٹڈ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بار بار کہا جاتا رہا کہ عمران خان کی حکومت معیشت پر جھوٹ بول رہی ہے.اکنامک سروے کی رپورٹ میں تحریک انصاف کی بہترین کارکردگی کی رپورٹ پر اسی حکومت نے دستخط کیے۔

سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پندرہ سال میں سب سے زیادہ زراعت، جی ڈی پی، انڈسٹریل سیکٹر، ترسیلات زر میں ترقی تحریک انصاف کے دور میں ہوئی، یہ کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں کہ ہمارے دور میں پاکستان دیوالیہ پر تھا۔انہوں نے کہا کہ 466 ارب کا فارمولہ انکو بتایا اور اب یہ اسے استعمال بھی کر رہے ہیں، یہ حکومت اعدادوشمار کا ہیر پھیر کر کے صرف اور صرف عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ اس سال کا مالیاتی خسارہ اب بھی 4.55ٹریلین ہے. روپیہ آپ کی نالائقی کی وجہ سے نیچے آیا. ان کو اپنی بے وقوفیوں کی وجہ سے ناکامیوں کا سامنا ہے.کسی کا قصور نہیں۔انکا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے سے بھی کم میں دستیاب تھی. ہم نے مارکیٹ میں آٹے کی قیمت 55 روپے فی کلو پر رکھی ہوئی تھی اور اب 75 سے 80 روپے فی کلو موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بڑی فصلوں کی زبردست پیداوار ہوئی اور کسان خوشحال ہوا تھا، 43 ملین لوگ ایسے ہیں جو ٹیکس ادا نہیں کر رہے. حکومت ان لوگوں پر ٹیکس لگا رہی ہے جو پہلے سے ہی ٹیکس کی ادائیگیاں کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمارا بجٹ پروگریسو ہے. یہ سفید جھوٹ ہے، بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار ہے، ریلیف کہیں نظر نہیں آتا، ہم نے کامیاب جوان، صحت کارڈ، احساح پروگرام جیسے منصوبے شروع کر کے عوام کو ریلیف دیا مگر اس حکومت نے یہ منصوبے بند کر دیئے ہیں۔

شوکت ترین نے کہا کہ ہم نے پیٹرول پر زیرو ٹیکس رکھا اب یہ 17 فیصد سیلز ٹیکس لگائیں گے. پیٹرول پر یہ حکومت 50 روپے لیوی بھی لگانے جا رہی ہے اس سے مہنگائی کا طوفان آجائے گا۔

سابق وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی نیچے نہیں آئے گی مزید بڑھنے جا رہی ہے، اس کے علاوہ ڈسکاؤنٹ ریٹ بھی اوپر جائے گا۔

مزیدخبریں