اسلام آباد (اے پی پی)رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں بڑے صنعتی اداروں کے شعبہ (ایل ایس ایم)کی شرح نمو 10.7 فیصد رہی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق ایل ایس ایم کے مجموعی 22 مختلف سیکٹرز میں سے 18 میں ترقی کا مثبت رجحان رہا ہے۔ ان شعبہ جات میں ٹیکسٹائلز ، آئرن اینڈ سٹیل ، اپیرل، فوڈ، بیوریج ، تمباکو، آٹو موبائلز، کیمیکلز، کوک اینڈ پٹرولیم پروڈکٹس اور ادویہ سازی سمیت دیگر کئی شعبے شامل ہیں۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جولائی تااپریل 22-2021 ربڑ مصنوعات ، نان مٹیلک ، منرل مصنوعات اور ٹرانسپورٹ آلات وغیرہ کے شعبوں کی شرح نمو میں منفی رجحان رہا ہے ۔پی بی ایس کے مطابق اپریل 2021 کے مقابلہ میں اپریل 2022 کے دوران ایل ایس ایم کیشعبہ کی شرح نمو 15.4 فیصد رہی ہے جبکہ مارچ 2022 کے مقابلہ میں اپریل 2022 کے دوران بھی شعبہ میں ترقی کی شرح 13.3 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔