لاہور(نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 18 واں اجلاس اندرون شہر میں ہوا۔ پنجاب کابینہ نے 5ایکڑ اراضی کے مالکان پر زرعی انکم ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کردی۔ اجلاس میں سٹمپ ایکٹ 1899 کے فرسٹ شیڈول میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور اسٹامپ ڈیوٹی کی شرح ایک فیصد برقرار رکھنے ‘ سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں ترامیم کی منظوری دی گئی اور پنجاب میں آئی ٹی کے کاروبار، تعلیم، ٹریننگ پرتمام ٹیکس و ڈیوٹیز ختم کر دی گئیں۔ کابینہ نے ہیپاٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام اور پراونشل ٹی بی کنٹرول پروگرام کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی۔اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں تاریخی عمارتوں اور قدیم دروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیاگیا۔پنجاب کابینہ نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ فسیلٹیز مینجمنٹ کمپنی کیلئے نئے امور اور دائرہ کار کے حوالے سے معاہدے کی تجدید اور پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے حوالے سے مختلف امور کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے 605 پراجیکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں 1500سی سی سے 2000سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں ایک فیصد کمی کی منظوری دی گئی۔ پنجاب میں ان گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اسلام آباد میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کے برابر کردی گئی۔ پنجاب کابینہ نے لارج سکیل مائننگ کے تحت چونا پتھر (لائم سٹون) اورایگریلیشئیش کلے کے رائلٹی ریٹس کے از سر نو تعین کی منظوری دی۔ ٹرانسپورٹ میں سبسڈی میں کمی کیلئے نان۔فیئر ریونیو جنریشن ماڈل کی منظوری دی گئی جس کے تحت میٹروبس اوراورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز پرکمرشل سرگرمیوں کی اجا زت دی جاسکے گی۔اجلاس میں میجر جنرل شیخ المر بن مکتوم بن جمعہ الملطوم گائنی ہسپتال گلاب والا،تحصیل اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ کو فنکشنل کرنے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ہسپتال کو فنکشنل کرنے کیلئے گرانٹ کے اجرائ اورسکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی۔سپیشل افراد (PWDs) کے حقوق کیلئے کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے میوہسپتال کا ساڑھے 3 گھنٹے طویل تفصیلی دورہ کیا-ایمرجنسی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ مختلف وارڈز کے اے سی بند تھے، باتھ روم خراب اور ٹوٹیاں غائب تھیں،وارڈز میں صفائی کے ناقص انتظامات تھے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس بد انتظامی پر شدید برہمی کااظہار کیا اورایم ایس اورہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی- مریضوں نے میو ہسپتال میں ادویات نہ ملنے کی شکایات کیں -وارڈ کی راہداری سے گزرتے ہوئے ایک ماں اپنے مریض بیٹے کو اٹینڈ نہ کرنے پر رو پڑی- محسن نقوی دکھیاری ماں کے ساتھ خود آئی سی یو پہنچ گئے-متعلقہ وارڈ کے انچارج ڈاکٹروں سے باز پرس کی اورایم ایس کو وہاب نعیم کے علاج کے لئے ہدایات دیں -مریضوں اور تیمارداروں نے نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا -نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے لئے ہدایات دیں -نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے چلڈرن ایمرجنسی میں ٹوکن لے کر پورے پراسس کا جائزہ لیا-نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے فوری طور پر ریڈنگ روم اور کیفے ٹیریا کو بہتر بنانے کا حکم دیااورکنگ ایڈورڈمیڈیکل کالج کے طلبہ کو ہاسٹل میں ادائیگی کے ساتھ ایئر کنڈیشنرلگوانے کی اجازت کا فیصلہ کیا- محسن نقوی نے4 ماہ میں 2 مراحل میں میوہسپتال کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کا اعلان کیاجبکہ ایک ہفتے کے اندر میوہسپتال کی بہتری کا پلان طلب کر لیا ہے-محسن نقوی نے چلڈرن بلاک کا نام میوچلڈرن ہسپتال رکھنے کا اعلان کیا -محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے کہ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عثمان انور اپنی ذمہ داریاں بخوبی سرانجام دے رہے ہیں اور انکے تبادلے کی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ محسن نقوی نے جوہر ٹاو¿ن میں ایل ڈی اے آفس میں ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا، شہریوں کے مسائل سنے اورون ونڈو سیل میں شہریوں کی سہولت کے سسٹم کا جائزہ لیا-محسن نقوی نے راجن پور میں کھلے مین ہول میں گر کر بچی کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔