عدلیہ کو پارلیمنٹ میںمزید مداخلت سے روکنا ہوگا ، صاف پیغام جانا چاہئے : خواجہ آصف 

 اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ پہلے ہی پارلیمان کے اختیارات میں کافی مداخلت کرچکی ہے۔ اب ہمیں عدلیہ کو پارلیمان میں مزید مداخلت سے روکنا ہوگا۔ اجلاس میں خواجہ آصف نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دور حکومت میں 24 سے 25 لوگوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی گئیں، جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں، سپیکر صاحب آپ بھی ان کو اچھی طرح جانتے ہیں، جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہورہے ہیں ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے، ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی، شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا۔ جسد خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا؟۔ سیاسی مقاصد کے لیے ملک کی عزت اور وقار کو داو¿ پر نہ لگائیں، آپ لوگ جارہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تاکہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں، جو ہمارے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں وہ ہمارے محسن ہیں، میں ایوان سے اپیل کرتا ہوں اپنی عزت کا تحفظ کریں، اس ایوان سے یہ پیغام جانا چاہئے کہ ہم اپنی عزت و تکریم میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ شہیدوں کی یادگاروں کے ساتھ جو کچھ کیا گیا وہ دوبارہ بات کرنے میں بھی شرم آ رہی ہے، میانوالی میں جو کچھ ہوا اس کا دفاع کس طرح کریں گے، اس ملک میں جب کسی کی جائیداد پر حملہ ہوتا ہے تو سب کو پتا ہے واگزار کرانے کے لیے کتنے پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں، عدلیہ نے ہمارے کچھ ایریاز پر قبضہ کیا ہوا ہے یہاں سے صاف پیغام جانا چاہیے۔ بجٹ ووٹنگ کے دوران بھی تقاریر ہوتی رہیں گی، عدلیہ کے حوالے سے بات ہونی چاہئے۔ ہم نے کوئی نئی قانون سازی نہیں کی، اس کی مثالیں کئی برس سے موجود ہیں، عدلیہ پہلے ہی پارلیمان کے اختیارات میں کافی مداخلت کرچکی ہے، اب ہمیں عدلیہ کو پارلیمان میں مزید مداخلت سے روکنا ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو میں خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان ایک فتنہ ہے اور قوم کو اس سے نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ 9 مئی کے واقعات دہشت گردانہ فعل ہے۔ تحریک انصاف نے دشمن کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی کوشش کی۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور او آئی سی اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پاکستان کے لیے آذربائیجان حکومت کے برادرانہ جذبات کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن