لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو غیر ملکی کوچ کی تنخواہ کی مد میں ادائیگی کردی۔ پی ایس بی نے غیر ملکی کوچ سیگفرائڈ ایکمین کی تنخواہ کی ادائیگی نومبر 2021 تا اپریل 2022 تک جاری کردی۔ پی ایچ ایف کو جاری چیک کی مالیت ایک کروڑ 30 لاکھ 13 ہزار 435 روپے ہے۔ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو نے کوچ کی تنخواہ کی ادائیگی کا چیک سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین کے حوالے کیا۔ حیدر حسین نے کہا کہ غیر ملکی کوچ کی تنخواہ کی ادائیگی کے سلسلے میں خصوصی اقدامات اور تعاون پر ڈائریکٹر جنرل پی ایس بی شعیب کھوسو اور وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا شکرگزار ہوں۔سپورٹس بورڈ کی جانب سے ابتدائی طور پر غیر ملکی کوچ کی پانچ ماہ کی تنخواہ کی ادائیگی کی ہے۔ حکومت پاکستان، وزارت بین الصوبائی رابطہ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون کے بغیر قومی کھیل کی ترقی آسان ٹاسک نہیں ہے۔ پی ایچ ایف نے مالی مشکلات کے باوجود انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کو یقینی بنایا ہے۔ حالیہ ایونٹس میں پاکستان نے انٹرنیشنل رینکنگ بہتر بنائی ہے۔ حالیہ تین انٹرنیشنل ایونٹس میں پاکستان نے دو میڈلز حاصل کیے۔ جس کے ساتھ ہی پاکستان ہاکی کی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔اولمپیئن شکیل عباسی نے کہا کہ ڈی جی سپورٹس بورڈ شعیب کھوسو مثالی کام کررہے ہیں۔ قومی کھیل کے ساتھ تعاون کرکے ہاکی کی بحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔