لاہور (خصوصی نامہ نگار)تحریک لبیک یارسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ یونان کشتی حادثہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ نوجوانوں کو ملک میں روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکمرانوں کی ذمہ داری ہے۔ صنعتی پہیہ رواں کر کے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو مصروف کیا جاسکتا ہے۔ انسانی سمگلرز کسی گنجائش کے مستحق نہیں۔ ایسے لوگوں سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ یہ حادثہ پہلی بار پیش نہیں آیا۔ بار بار ایسے لرزا دینے والے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ طلب روزگار کے لحاظ سے اسلامی شعور بیدار کر کے بھی ایسے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ جہاد جیسے فریضہ کی ادائیگی کیلئے جانے کیلئے یوں ہلاکت کے راستوں کا رخ کرنا جائز نہیں۔ چہ جائیکہ روزگار کیلئے موت کو گلے لگایا جائے۔ دار الاسلام سے دار الکفر کی طرف سفر کرنے سے پہلے ایسے سفر کے بارے میں اسلامی تعلیمات کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔ آج لوگ بے صبری سے اندھا دھند ایسے علاقوں کی طرف روزگار کی خاطر نکل رہے ہیں۔ جدھر جانا اسلامی نکتہ نظر سے ہر کسی کیلئے جائز ہی نہیں۔ اپنے ملک میں رہتے ہوئے کفایت شعاری سے زندگی بسر کر لینا ایسی ہلاکتوں کے منہ میں دھکیلے جانے سے کہیں بہتر ہے۔ اللہ تعالیٰ متاثرہ خاندانوں کو صبر کی توفیق عطا فرمائے۔
یونان کشتی حادثہ کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے:اشرف جلالی
Jun 23, 2023