لاہور( کامرس رپورٹر) لاہور ٹیکس بار کے پیٹرن ضیاء حیدر رضوی نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی قرضے ادا کرنے کیلئے قوم کو اعتماد میں لے کر ریٹرن آف لون سکیم کا اجراء کرے۔ اگر حکومت اور ادارے اپنا اعتماد بحال کر لیں تو وسائل رکھنے والے لوگ آج بھی ملک کیلئے مالی وسائل سے مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حکومت نے معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے نہیں بلکہ 4 ماہ کا الیکشن بجٹ پیش کیا جائے۔ ٹیکس بار کے نمائندوں کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صنعتوں ، تعمیراتی انڈسٹری اور سب سے بڑھ کر برآمدی شعبوں کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاتا تاکہ ملک میں گروتھ ہوتی جس سے آمدن بڑھتی لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ اس وقت حکومت کی ترجیح غیر ملکی قرضے اور ان پر لگنے والے سود کی ادائیگی ہونا چاہیے۔ حکومت وسائل رکھنے والوں سے قرض لینے کیلئے صاف وشفاف ریٹرن آف لون بنک اکائونٹ سکیم کا اجرا کرے۔ قرض واپسی کے ساتھ ان کیلئے خصوصی مراعاتی سکیموں کا بھی اعلان ہونا چاہیے ۔حکومت بھی اپنے اخرجات میںکم از کم 60فیصد کمی کرے اور بچنے والے وسائل کو بھی قرضے اتارنے کیلئے مختص کیا جائے ۔ ایک خاص مدت کیلئے سرکاری اشرافیہ کو دی جانے والی یوٹیلٹی بلز،پیٹرول اورگاڑیوںکی طرز پر دی جانے والی مراعات واپس لی جائیں۔
غیر ملکی قرضے ادا کرنے کیلئے ریٹرن آف لون سکیم کا اجراء کیا جائے: لاہور ٹیکس بار
Jun 23, 2023