امریکہ میں پاکستا نی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ جارجیا -سندھ سسٹر سٹیٹ معاہدے سے تعاون کی نئی راہیں استوار ہوئی ہیں، جارجیا-سندھ سسٹر سٹیٹ معاہدے نے نہ صرف کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کئے ہیں بلکہ اس سے دونوں اطراف کے لوگوں کو بھی ایک دوسرے کے قریب لا نے میں مدد ملے گی ، جارجیا میں 30 ہزارپاکستانی نژاد امریکی موجود ہیں اور پاکستان اور جارجیا کے درمیان دو طرفہ تجارت تقریباًایک بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس میں جارجیا کو 600 ملین ڈالر سے زیادہ کی پاکستانی برآمدات ہیں۔سفیر مسعود خان نے یہ باتیں اٹلانٹا کے دو روزہ دورے کے دوران جارجیا کے معروف تھنک ٹینک گلوبل اٹلانٹا میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ وہ گلوبل اٹلانٹا، ورلڈ افیئرز کونسل اٹلانٹا اور ملر اینڈ مارٹن پی ایل ایل سی کے اشتراک سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس کا عنوان پاکستان ایمبیسیڈر بریفنگ: جارجیا سے بڑھتی ہوئی تجارت اور سرمایہ کاری تھا۔ تقریب میں لگ بھگ 70 افراد نے شرکت کی جن میں زیادہ تر امریکی تھے۔انہوں نے پاکستان اور جارجیا کے تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے پاکستانی نژاد امریکی جارجیا اسمبلی کے رکن فاروق مغل کے اہم کردار کو سراہا۔ ہمیں پاکستانی نژاد امریکیوں پر فخر ہے جنہوں نے امریکہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ شرکا کو پاکستان امریکہ تعلقات پر بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ مہینوں کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری واقع ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین نے گذشتہ ایک سال میں کئی اعلی سطح کے ڈائیلاگ اور ملاقاتیں کی ہیں ان میں صحت، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور سلامتی جیسے اہم شعبوں کے ڈائیلاگ شامل ہیں۔ قبل ازیں اٹلانٹا کے میئر آندرے ڈکنز نے سفیر پاکستان کا اپنے دفتر میں استقبال کیا اور تجارت اور سرمایہ کاری، عوامی تبادلہ جات اور ثقافتی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ریاستی نمائندہ فاروق مغل بھی سفیر کے ہمراہ تھے۔میئر ڈکنز نے اٹلانٹا شہر کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔ڈکنز نے تجویز پیش کی کہ اٹلانٹا میں پاکستان کے قونصل جنرل کی موجودگی سے تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔مسعود خان نے پرتپاک استقبال پر آندرے ڈکنز کا شکریہ ادا کیا اور شہر کو سمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے میں ان کی قیادت کو سراہا۔جارجیا اور صوبہ سندھ کے درمیان سسٹر سٹیٹ تعلقات اور مستقبل کے امکانات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم اس رشتے کو ایک مضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ سسٹر سٹیٹ معاہدے کی طرز پر اٹلانٹا اور کراچی کے مابین سسٹر سٹی معاہدے پر بھی غور کیا جائے تاکہ تعاون کے موجودہ فریم ورک کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ مسعود خان نے کہا کہ پاکستان سسٹر سٹیٹ معاہدے کے تحت ٹھوس نتائج کا خواہاں ہے جس میں زیادہ کاروباری روابط، عوامی روابط، طلبا کے تبادلے اور مضبوط ثقافتی تعلقات شامل ہیں۔ اس تناظر میں سفیر نے یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر زور دیا۔میٹرو پولس کے لیے میئر کی ترجیحات جن میں جدید انفراسٹرکچر ، ٹیک سیکٹر کی ترقی، نوجوانوں اور افرادی قوت کی ترقی وغیرہ شامل ہیں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ یہ ترجیحات حکومت پاکستان کی توجہ کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں اور دونوں فریق مشترکہ مقاصد کے حصول میں ایک دوسرے کی معاونت کر سکتے ہیں۔سفیر مسعود خان نے میئر آندرے ڈکنز کو قانون سازوں، کمیونٹی اور کاروباری وفود کے ساتھ پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کیا۔