پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) پاکستان بزنس فورم فرانس نے وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر خان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ میں سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد اور فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کی سیاسی ، سماجی ، مذہبی و کاروباری تنظیموں کے نمائیندوں نے بھرپور شرکت کی۔
بزنس فورم فرانس کے راجہ علی اصغر ، حاجی اسلم چوہدری ، سردار ظہور ، صاحبزادہ عتیق نے وزیر مملکت برائے اورسیز پاکستانیز سردار سلیم حیدر خان اور سفیر پاکستان عاصم افتخار کا استقبال پھولوں کے گلدستے پیش کر کے کیا۔عشائیہ کی میزبانی چئیرمین بزنس فورم سردار ظہور اقبال نے کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض چیف کوآرڈینیٹر پاکستان بزنس فورم صاحبزادہ عتیق الرحمن نے سر انجام دئیے۔
عشائیہ میں مختلف جماعتوں کے نمائیندوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا۔
وزیر مملکت نے کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستان واپسی پر اوورسیز پاکستانیوں کے لئے وزارت اوورسیز میں موجود ڈیسک کو متحرک کروں گا، جہاں آپ لوگوں کے مسائل کے حل کے لئے فوری کاروائی ہوگی۔ سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں بزنس فورم فرانس کو دوسری سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جس طرح بزنس فورم نے تمام کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم تلے اکٹھا کیا ہے یہ قابل ستائش ہے۔ میزبان عشائیہ سردار ظہور اقبال نے بزنس فورم فرانس کی دو سالہ کارکردگی کے حوالے سے شرکاءکو بریفنگ دی۔ راجہ علی اصغر نے سفارتخانہ پاکستان کی بہترین کارکردگی پر سفیر پاکستان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حاجی اسلم چوہدری نے پاکستان بزنس فورم کے دو سال مکمل ہونے پر تمام شرکاءکو مبارکباد دی اور دوسری سالگرہ کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔
عشائیہ میں مسلم لیگ ن فرانس ، پی ٹی آئی فرانس، پی پی پی فرانس، مسلم لیگ ق فرانس ،پاک فرانس ایسوسی ایشن ، انجمن فلاح دارین ، انٹرنیشن کشمیر پیس فورم ، جسٹس فار کشمیر ، پاک فرانس اسپورٹس گروپ ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و دیگر سیاسی و سماجی جماعتوں کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔پاکستان بزنس فورم فرانس کے سرپرستِ اعلی ابراہیم ڈار ، جنرل سیکریٹری یاسر خان کی پیرس واپسی پر بزنس فورم کی دوسری سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اِس موقع پر صدر پاکستان بزنس فورم فرانس حاجی محمد اسلم چوہدری اور سیکریٹری لیگل اینڈ انٹرنیشنل افیئرز چوہدری سلمان اسلم ، سنیئر نائب صدر چوہدری افضل سدھوال ، یوسف بن یاسر خان اور پاکستان سے تشریف لائے ینگ بزنس مین ارسلان، سعد اور رافع نے بھی شرکت کی۔