پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی عالمی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا:لیاقت بلوچ

لاہور(خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی، ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سی پیک پر تیسرے پاک چائنہ مشترکہ مشاورتی میکانزم اجلاس اور قومی جماعتوں، قیادت کے اتفاق کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی عالمی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ حکومت سی پیک منصوبہ کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی بجائے حقیقی بنیادوں پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔چینی وزیر خارجہ نے بھی نشاندہی کردی کہ معاشی ترقی کیلئے اندرونی استحکام ضروری ہے۔ یہ امر قومی سیاسی جمہوری قیادت کو کب سمجھ آئے گا؟۔ سیاسی استحکام کیلئے ضروری ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز آئینی حدود کی پابندی کریں اور انتخاب 2024ء کی عوامی مینڈیٹ کے فارم 45 نتائج کا قابل قبول میکانزم بنایا جائے، وگرنہ وقتی اور نمائشی بیروح اکٹھ حالات کو مزید بگاڑ دیں گے۔ جماعت اسلامی پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر عملدرآمد کی حامی ہے۔ پاک چین دوستی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ خطے میں استحکام کیلئے یہ بھی ناگزیر ہے کہ ایران اور افغانستان کیساتھ بھی پاکستان کے تعلقات پائیدار، بااعتماد اور مثالی ہوں۔تینوں ملکوں کے عوام تو بھائی بھائی ہیں، حکمران بھی عالمی استعمار کے دباؤ سے باہر نکلیں۔زراعت کے بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش پرکہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بیچ منجدھار حکومت نے دربدر کردیا۔ اِسی وجہ سے چاول اور کپاس کی کاشت پر بہت سنسنی خیز اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن