خواجہ سلمان رفیق ،خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس،علاج و معالجہ کا جائزہ 

Jun 23, 2024

لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس ہوا۔ صوبائی وزرائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ کو بلا تعطل جاری رکھنے کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ تمام سرکاری ہسپتالوں کے ذمہ داران نے اس حوالہ سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اسی سلسلہ میں ڈی ایچ کیوز ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات سے بھی تفصیلی ملاقات کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک فیصد بھی تعطل برداشت نہیں کریں گے۔ دریں اثناء صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اجلاس کو مون سون کانٹی جنسی پلان 2024 بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں 4 ایجنڈے پیش کیے گئے۔ کمیٹی نے حتمی منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کو بھیجنے کی ہدایات جاری کیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبائی اور ضلعی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔ سیلاب، کووڈ، ڈینگی، قحط سالی، سموگ اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم الرٹ ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اجلاس کے دوران بارشوں کی تازہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ 

مزیدخبریں