کھٹمنڈو (نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی خاتون سیما حیدر کا چار بچوں کے ساتھ بھارت جانے کے معاملے پر نیا موڑ آگیا اور بچوں کے والد غلام حیدر کے بھارتی وکیل مومن ملک نے بچوں کی بازیابی کیلئے صدر پاکستان اور نیپالی صدر کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سیما حیدر اور بچے خود نہیں گئے بلکہ انہیں نیپال کھٹمنڈو ائر پورٹ سے اغوا کر کے بھارت لے جایا گیا تھا، چار بچے اپنی ماں سیما حیدر کے ساتھ نیپال 10 مئی 2023ء کو وزٹ پرگئے تھے۔ خط کے متن کے مطابق ملزم سچن مینا نے چار بچوں کو ربو پورا ضلع گوتم بدھ نگر اتر پردیش میں رکھا ہے۔ مسلمان بچوں پر تشدد کر کے ان کا مذہب تبدیل کیا جا رہا ہے۔ بچوں کو بھارت منتقل کرنا انسانی سمگلنگ کا معاملہ ہے جو نیپال کی سرزمین پر سر زد ہوا ہے۔ خط میں مزید کہا خط کی کاپی اینٹی ٹریفکنگ کھٹمنڈو نیپال، اسلام آباد میں نیپالی سفارتخانے اور دیگر کو بھی ارسال کی گئی ہے۔
سیما حیدر، 4 بچوں کی بازیابی، شوہر کا پاکستانی اور نیپالی صدر کو خط
Jun 23, 2024