اسد قیصر کی آزادی مارچ کے چار مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور 

Jun 23, 2024

 اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد کی سیشن عدالت  کے جج اعظم خان نے  سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی آزادی مارچ کے چار مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ سیشنز جج اعظم خان نے اسد قیصر کی تھانہ گولڑہ میں درج دو مقدمات جبکہ تھانہ کوہسار اور تھانہ انڈسٹریل ایریا میں درج ایک ایک مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ اسد قیصر وکیل عائشہ خالد ایڈووکیٹ اور قمر عنایت راجہ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ پولیس نے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروا دیا۔ وکیل عائشہ خالد نے موقف اپنایا کہ اسد قیصر پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ہیں، درخواست گزار کو پتا نہیں تھا کہ وہ ان مقدمات میں نامزد ہے۔ ان مقدمات میں دیگر نامزد ملزمان بری ہوچکے ہیں۔ اسد قیصر کے وکیل کی جانب سے دیگر ملزمان کی بریت کے فیصلے عدالت پیش کر دیئے گئے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں؟ جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نہیں، ایف آئی آرز میں سارے قابل ضمانت سیکشنز لگے ہوئے ہیں۔ عدالت نے چاروں مقدمات میں اسد قیصر کی ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کردیں۔

مزیدخبریں