لاہور‘ گوجرانوالہ، قلعہ دیدار سنگھ (خبر نگار + نمائندہ خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار حسین پرمشتمل الیکشن ٹریبونل نے انتخابی عذر داری کیس کی سماعت کرتے ہوئے احمر رشید بھٹی کو فارم 45،46 اور 47 جمع‘ الیکشن کمشن کو اوریجنل فارم 45 جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو ویب سائٹ پر اپلوڈ کئے جانے والے فارمز بھی جمع کروانے کا حکم دیا۔ عدالت نے مخالف امیدوار کو 7 روز میں اخراجات کی تفصیلات بھی جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ ادھر لاہور ہائی کورٹ الیکشن ٹربیونل سنگل بنچ کے جج جسٹس شاہد کریم نے حلقہ این اے 77میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار راشدہ طارق کی درخواست کو منظور کر لیا ہے اور سماعت کے لیے فریقین اور ریٹرننگ افسروں کو 26 جون کو طلب کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں تمام متعلقہ افسران اور امیدوران کو نوٹسز جاری کر دئیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ اس حلقے سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمود بشیر ورک کو الیکشن کمشن نے کامیاب قرار دیا تھا۔